لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے تاریخی جرم کیا۔ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کشمیری عوام، پاکستان اور دنیا بھارتی فریب کو مسترد کرتے ہیں، بھارت سو ناٹک کرے، جموں و کشمیر کشمیریوں کا ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیریوں کو غلام بنانے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں، تنازع جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قانون کا اطلاق ہوتا ہے۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ کشمیر کے عوام کا آزادی اور استصواب رائے کا حق نہیں چھینا جا سکتا،جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع مسئلہ ہے۔