کراچی(نمائندہ خصوصی) سمندری ہواوں کے باعث کراچی میں فضائی آلودگی ختم ہو گئی اور شہرِ قائد دنیا کی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 5 ویں سے 40 ویں نمبر پر آ گیا۔عالمی ویب سائٹ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کا فضائی معیار معتدل درجے پر آ گیا ہے جس کی فضا میں آلودگی 63 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کل سے سردی کی شدت میں کمی آئی ہے۔کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 15.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کے بعد سردی کی ایک لہر ملک پر اثر انداز ہو سکتی ہے جبکہ 15 دسمبر کے بعد کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق شام میں سمندری ہوائیں چلنے سے شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ جاتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کے باعث سردی کی شدت کم محسوس ہوتی ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار کا یہ بھی کہنا ہے کہ نمی کے زائد تناسب کے باعث پیرکی شب اور ،منگل صبح شہر میں دھند ہو سکتی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں دھند کی شدت زائد رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ بھر میں موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔