کراچی(نمائندہ خصوصی) نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی ہدایت پر منوڑہ آر او،ڈیسیلینیشن پلانٹ کو شروع کرنے کے لیے اس کا کامیاب آپریشنل ٹیسٹ کیا گیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق منوڑہ آر او پلانٹ کے کامیاب ٹیسٹ کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ خزانہ کو باقی فنڈز جاری کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ اسے رواں ہفتے کے آخر تک مکمل اور افتتاح کیا جا سکے۔منوڑہ جزیرے میں آر او پلانٹ کی اسکیم 2016 میں 427 ملین روپے میں شروع کی گئی۔ پلانٹ کی گنجائش 5 لاکھ گیلن ہے اور اسے مارچ 2018 میں مکمل ہونا تھا۔بریفنگ میں نگران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ آر او پلانٹ کے لیے بجلی کا کنکشن درکار ہے۔ واٹر پری ٹریٹمنٹ پلانٹ اور میمبرین کی تنصیب زیر التوا تھی۔پینل روم تعمیر ہو چکا ہے لیکن الیکٹرک پینل ابھی نصب ہونا باقی ہے۔براو¿زر کے لیے پانی بھرنے کے پوائنٹس تیار کیے جانے تھے۔ سمندری پائپ لائن سے خام پانی جمع کرنے کے لیے بنایا گیا سیپٹک ٹینک کشش ثقل کے ذریعے سمندری پانی کو جمع کرنے سے قاصر ہے جس کے لیے سسٹم نصب کیا جانا ہے۔جسٹس (ر)مقبول باقر نے باقی فنڈز کے اجراءکے لیے ضروری ہدایت جاری کی تاکہ زیر التوا کام جلد از جلد مکمل کیے جا سکیں۔ آر او پلانٹ منوڑہ کے مختلف دیہاتوں و بستیوں کو پانی فراہم کرے گا۔