لاہور(نمائندہ خصوصی) محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کردیا۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق ملک بھر میں 15 دسمبر سے سرد ہوائیں پاکستان کا رخ کریں گی جس کے باعث کراچی سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں 10روز کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔اس دوران شہر میں شمال مشرق سے چلنے والی ہوا کے باعث شہر کا فضائی معیار متاثر رہے گا تاہم آئندہ 10 دنوں میں شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بری ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں موجود ہیں۔ 15 دسمبر جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔جبکہ شمالی مغربی بلوچستان کے چند اضلاع میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔اس کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ / دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے کے روز بھی بالائی خیبرپختونحوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کےامکان کیساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ / دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔