اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے بلے کے انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ فوری جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا الیکشن کمیشن سے بلا تاخیر پارٹی سرٹیفکیٹ شائع کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی آئینی جمہوریت میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا مطلب انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت ہے، سیاسی جماعت کا انتخابی نشان اس عمل کی نشاندہی کرتا ہے۔بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیئے، یہ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، اس لیے میں الیکشن کمیشن سے بلا تاخیر پارٹی سرٹیفکیٹ شائع کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔