کراچی (نمائندہ خصوصی ) عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ قوم کی معصوم اور بے گناہ بیٹی ڈاکٹر عافیہ پر انسانیت سوز تشدد، ان کی بے حرمتی سے متعلق اصل حقائق جاننے اور ان کی رہائی کے لیے موثر اقدامات کرنے کے لیے ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور وکیل کلائیو اسمتھ کو ملاقات کا وقت دیں کیونکہ وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتخانہ نے عافیہ کے اہلخانہ اور پوری قوم کونہ صرف حقائق کے برخلاف خبریں دی ہیں بلکہ طویل عرصہ تک جیل میں ملاقاتوں کی رپورٹوں کو بھی دباکر رکھا تھا۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ کہنا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے امریکی جیل میں گارڈز کے ہاتھوں قوم کی بیٹی کی عصمت دری کی خبر ملی ،انتہائی حیرت اور دکھ کا باعث ہے کیونکہ ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیو اسمتھ کہہ چکے تھے کہ حکومت پاکستان 2 مرتبہ جیل کے گارڈز کے ہاتھوں عصمت دری کے واقعات سے باخبر تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سخت احکامات کے بعد چند ہفتے قبل ڈاکٹر عافیہ سے قونصل جنرل کی ملاقاتوں کا ریکارڈ ان کے وکیل کلائیو اسمتھ کو فراہم کیا ہے۔ اس سے قبل پاکستانی حکام عافیہ کے اہلخانہ سے طویل عرصہ تک یہ جھوٹ بولتے رہے تھے کہ عافیہ نے کوئی پیغام نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہو گیا ہے کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ڈاکٹر فوزیہ اور کلائیو اسمتھ سے باالمشافہ ملاقات کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ کہنا بھی درست نہیں ہے کہ وہ امریکی قوانین کے تحت جیل میں ہے بلکہ وہ بین الاقوامی قوانین کے برخلاف امریکی جیل میں ہے کیونکہ عافیہ کو پاکستانی شہری ہونے کے باعث امریکہ منتقل نہیں کیا جا سکتا تھا۔ انہیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغانستان سے امریکہ منتقل کیا گیا تھا۔دنیا بھر کے معروف قانون دان جن میں سابق امریکی اٹارنی جنرل رمزے کلارک بھی شامل ہیں، ڈاکٹر عافیہ کے امریکی کورٹ میں ٹرائل کو غیرقانونی اور 86سال کی سزا کومستردکر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرت مند قومیں اپنی بیٹیوں کی حفاظت کے لیے بیانات پر اکتفا نہیں کرتی بلکہ جراتمندانہ اقدامات کرتی ہیں۔ ایران ، بھارت، اسرائیل اور کئی دوسرے ممالک نے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے بڑی طاقتوں کے سامنے جراتمندانہ بیانیہ کے ذریعے کامیابی حاصل کی ہے۔ عافیہ موومنٹ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ نگراں حکومت ڈاکٹر عافیہ کی سلامتی ، تحفظ اور رہائی کے لیے قومی اور آئینی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔