پاکستان رینجرز (پنجاب) کے زیرِ اہتمام ڈی جی رینجرز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت کبڈی مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (پنجاب) میں منعقدہ اس مقابلے کا مقصد فورس میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کی تلاش تھا۔ میچ میں پنجاب رینجرز اور لاہور کور (آرمی) کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے مہارت، فٹنس، پھرتی اور طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ کھلاڑیوں نے اپنے داؤ پیچ خوب آزمائے اور مخالف ٹیم کو زیر کرنے کی ہرممکن کوشش کی تاہم کبڈی کے اس جاندار مقابلے میں پنجاب رینجرز کے جوان برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
کبڈی میچ کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل سید آصف حسین تھے۔ مہمانِ خصوصی نے مقابلے کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان رینجرز (پنجاب) پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے جو کہ خوش آئند امر ہے۔ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف یہ کہ مقابلے کے مثبت رجحانات کو تقویت ملتی ہے بلکہ صحتمند معاشرے کی تشکیل میں بھی مدد ملتی ہے۔مقابلے کے اختتام پر ڈھول کی تھاپ پر لڈی کی شاندار پرفارمنس بھی پیش کی۔