کراچی (نمائندہ خصوصی ) عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قوم کی بیٹی اور اپنی ہمشیرہ ڈاکٹر عافیہ سے ٹھیک چھ ماہ بعد دوسری مرتبہ ملاقات کر لی۔ ملاقات کے فوراََ بعد انہوں نے عافیہ موومنٹ میڈیا سیل کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بالآخر جیل انتظامیہ کو ”گمشدہ چابی“ مل ہی گئی اور انہوں نے امریکا کی ایف ایم سی کارسویل جیل میں قید میری بے گناہ بہن ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ملاقات کرادی۔ انہوں نے کہا کہ تاہم اس بار بھی ہم دونوں بہنوں کے درمیان شیشے کی موٹی دیوار موجود تھی جس کے باعث وہ ایک دوسرے کو گلے نہیں لگا سکیں۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قوم اور عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز کے لیے ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کرایا جو کہ رات گئے تک ملاقات کا احوال جاننے کے منتظر تھے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ جیل حکام نے ایک بار پھر وعدہ خلافی کی کیونکہ اس مرتبہ سماجی ملاقات (Social Visit) کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس مرتبہ پھر انہوں نے ہمارے درمیان شیشے کی دیوار کے ساتھ ملاقات کا اہتمام کیا تھا۔میری درخواست کے باوجود مجھے اپنی بہن کو چھونے اور گلے لگانے اور اس کے درد کو محسوس کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، پھر بھی وہ شکر گزار ہیں کہ وہ اپنی بہن سے مل پائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار عافیہ کی حالت پہلے سے بھی زیادہ خراب تھی۔ ہم دونوں بہنیں تقریباً آدھے گھنٹے تک روتی رہی ہیں۔عافیہ کو رہا کرانے کے لیے قوم کا ساتھ چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے سپورٹرز کی جانب سے عافیہ کے لیے نیک خواہشات کا جس طرح سے اظہار کیا گیا اور اس پر شکر گزار ہیں۔جیل حکام کے چابی نہ ملنے کے بہانے پر ٹیم عافیہ نے جس طرح فوری طور سوشل میڈیاپر سرگرم ہو کر احتجاج ریکارڈ کرایا اس میں انہیں سلام پیش کرتی ہوں۔