اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کی فائرنگ سے مسافروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے شہدا اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ کارروائی ہے،ملک دشمن عناصر گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں،دہشت گردوں کی فائرنگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے۔سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے مزید بلند کر دیتی ہیں،ملک دشمن گلگت بلتستان جیسے پرامن علاقے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں،پاکستانی قوم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔واضح رہے کہ چلاس ہڈور کے مقام پر بس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ، فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 26 افراد زخمی ہوئے ہیں۔بس پر فائرنگ کا واقعہ چلاس کے علاقے ہڈور پڑی کے مقام پر پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ کا خوفناک نتیجہ نکلا، فائرنگ کے باعث بس بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چلاس میں بس پر فائرنگ دہشت گردی ہے یا دشمنی اس سلسلہ میں تحقیقات کی جا رہی ہیں، زخمیوں کو چلاس ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ مسافروں سے بھری بس گلگت سے پنڈی جارہی تھی۔فائرنگ کے واقعہ میں محفوظ رہنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ بس پر شدید فائرنگ کی گئی، انہوں نے لیٹ کر جاں بچائی، ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ آج زندگی کا آخری دن ہے۔