کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان یپلیز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پورے پاکستان کے لیے کام کیا، مسلم لیگ ن نے صرف لاہور کو ہی پورا پاکستان سمجھا ہوا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک نعروں اور شوبازوں سے نہیں چلتا، عملی کام کرنا ہوں گے، پیپلزپارٹی کو غلط طریقے سے دھاندلی کرکے اقتدار میں آنے کی ضرورت نہیں ہے، ہماری لڑائی انتشار کی سیاست اور دہشت گردی کے ساتھ ہے، کراچی میں ملک کی بہترین طبی سہولتیں میسر ہیں، ن لیگ کے دوست بتا دیں انہوں نے کوئی ایک ہسپتال بنایا ہو حالاں کہ صحت زیادہ ضروری ہے، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کا کام بعد میں بھی ہوسکتا ہے، ن لیگ نے پورا پاکستان صرف لاہور کو سمجھا ہوا ہے، کل ن لیگ کے ممبران کو یاد آیا ہم نے لاہور بنایا ہے، نواز شریف 3 بار وزیراعظم بنے، بتائیں پاکستان کے لیے کیا کیا؟، آپ نے لاہور کے سوا پنجاب میں کیا کیا ہے اس کا جواب دیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے بجلی سے چلنے والی بسوں کے لیے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، ہمیں کسی کے سامنے چھپنے کی ضرورت نہیں، ہم کارکردگی کی بنیاد پر آگے آتے ہیں، اسی کی بنیاد پر پیپلز پارٹی 8 فروری کو تاریخی کامیابی حاصل کرے گی، کیوں کہ ہم پورے پاکستان کی جماعت ہیں، بلاول بھٹو نے کہا ہے ہمارا جھگڑا کسی سے نہیں، ہمارا جھگڑا صرف مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز بگٹی نے کہا بلوچستان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد اتنا بڑا جلسہ بلاول بھٹو کا ہوا ہے کیوں کہ آصف علی زرداری نے سی پیک کا منصوبہ دیا، ہم سندھ کی بات نہیں کرتے بلکہ پورے پاکستان کی بات کرتے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، کراچی سب کا ہے اس لیے شہری روزگار کے لیے یہاں آتے ہیں، عوام کی مدد سے پاکستان پیپلزپارٹی سب سے بڑی پارٹی بن کر تاریخی فتح حاصل کرے گی اور ملک کے کونے کونے میں پیپلز پارٹی لوہا منوائے گی۔سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ن لیگ سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں، ہماری لڑائی لسانیت کی سیاست اور غربت کے خلاف ہے، میزائل ٹیکنالوجی شہید بے نظیر بھٹو نے پاکستان کو دی، پیپلز پارٹی نے عالیشان پراجیکٹ شروع کیے، پیپلز پارٹی حکومت نے جب تھر سے کوئلہ نکالا تو ن لیگ والے وہ کریڈٹ بھی لینا چاہتے تھے، تھر پارکر کے انفراسٹرکچر پر اربوں روپے خرچ کیے گئے، بجلی صرف سندھ کے لیے نہیں تھی وہ نیشنل گرڈ جاتی ہے پھر ہمیں ملتی ہے۔