کراچی(نمائندہ خصوصی)شہرقائد کے علاقوں قصبہ کالونی اور اورنگی ٹاﺅن میں شہریوں نے 4 ڈاکوﺅں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ۔پیرآباد اور پاکستان بازار پولیس نے ہلاک و زخمی ڈاکوﺅں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق قصبہ کالونی ڈھائی نمبر امام بارگاہ یوسی 8 پارک کے قریب شہریوں نے لوٹ مار کرنے والے 3 ڈاکوﺅں کو پکڑا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے پہنچنے تک شہریوں نے ایک 20 سالہ ڈاکو کو تشدد کے دوران ہلاک اور 18 و 21 سالہ کو شدید زخمی کر دیا تھا ۔پولیس نے ہلاک ہونے والے کی لاش اور زخمی ڈاکووں کو شہریوں کے چنگل سے چھڑا کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ڈاکوﺅں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ادھر پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاﺅن جوہر چوک کے قریب شہریوں نے لوٹ مار کر کے فرار ہونے والے 2 ڈاکوﺅں میں سے ایک کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں پولیس پہنچنے پر اسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے دونوں واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔دریں اثنا سچل پولیس نے صفورا محمد خان گوٹھ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت ضیاءالرحمن ولد شمس الرحمن کے نام سے کی گئی ، جس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن ، موبائل فون نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔علاوہ ازیں ناردرن بائی پاس ، صدر اور سہراب گوٹھ الا آصف اسکوائر کے قریب فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے ۔