سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی 27 مارچ کو ٹنکی گراؤنڈ، فیڈرل کیپٹل ایریا میں چھٹے یوم تاسیس کے سلسلے کا اہم عوامی جلسہ کرئے گی۔ پاک سر زمین پارٹی پاکستان اور بالخصوص پاکستان کے معاشی انجن کراچی کو بچانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، ہم نے ملک وقوم کی خاطر اپنی زندگیاں داؤ پر لگائی ہیں اور اس شہر کو را کے تسلط سے آزادی دلانے کی خاطر قربانیاں دی ہیں، ہم نے قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو قربان کیا۔ اُردو بولنے والے بند گلی میں داخل ہوچکے تھے، ہم نے انکی راہوں سے کانٹے چنے ہیں۔ ایم کیو ایم کے ہاتھ مہاجروں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اب بھی انہیں مہاجر نام پر اپنی دکانیں بند ہونے کا ڈر ہے، ہم نے قوم کی خاطر مشکل راستہ اختیار کیا ہے لیکن یہی راستہ صحیح جس سے کراچی سے کشمیر تک مسائل حل ہونگے اور تعصب کی آگ ختم ہو گی جس کا فائدہ اٹھا کر پیپلز پارٹی سندھ پر قابض ہے اور سندھ بھر کی عوام کو انکے جائز حقوق سے محروم کر دیا ہے۔ جو بات پہلے دن کہی اسی پر آج تک قائم ہیں۔ ہمارا کردار اور کارکردگی دنیا کے سامنے ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27 جنوری کو کراچی بھر کی عوام بھلے وہ کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں ٹنکی گراؤنڈ پہنچ کر ہماری بات سنیں۔ وقت ثابت کررہا ہے کہ پی ایس پی کے علاؤہ اب قوم کے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ آنے والا وقت پی ایس پی کا ہے۔