کراچی (نمائندہ خصوصی) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام چار روزہ سولہویں عالمی اردوکانفرنس 2023 کے تیسرے روز ”بلوچی زبان و ادب کے مشاہیر“ پر سیشن کا انعقاد جون ایلیا لان میں کیاگیا جس میں زاہدہ رئیس راجی نے بانل دشتیاری اور گوہر ملک پر گفتگو کی، اسحاق خاموش نے بلوچی زبان کے شہنشاہ ظفر علی ظفراورخیرمحمد ندوی پراظہارِ خیال کیا، عبدالواحد بلوچ نے بلوچی اردو زبان کے معروف مصنف گل خان نصیر اور محمد حسین عنقاپرکی شخصیت پر گفتگو کی، ڈاکٹر غفور شاد نے مبارک قاضی اور عطا شادپربات کی، رحیم مہر نے سید ظہور ہاشمی اور مراد ساحرپر گفتگو کی، سیشن میں نظامت کے فرائض وحید نور نے انجام دیے۔ مقررین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں بلوچی ادب پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،بلوچی ثقافت کے فروغ کے لیے ہمیں سنجیدہ ہونا چاہیے، ہمارے مشاہیر کی ادب کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، ہم ان کے نقش قدم پر چل کر ایک اچھی قوم کا حصہ بن سکتے ہیں۔