اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن میں سلیکشن کی گئی، ان کوچیئرمین کے لیے پیپلزپارٹی کا پرانا جیالا ملا، 2018 میں جن لوگوں کے لیے آر ٹی ایس سسٹم بٹھایا گیا، جن لوگوں کو بیساکھیوں سے لایا گیا آج انہوں نے اپنی روایات کو برقرار رکھا،پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر بہت سے سوالات کھڑے ہوئے ہیں۔ہفتہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں بھرپور قسم کی دھاندلی ہوئی ہے،پارٹی میں جنہوں نے الیکشن لڑنا تھا ان کو ووٹنگ کا لنک ہی نہ بھیجا گیا۔ جس پارٹی کے اندرونی انتخابات میں دھاندلی ہو وہ آگے کیا کریں گے،ہمارا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ نوٹس لے اور اب الیکشنز کو چیک کیا جائے، فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ کبھی مفرور شخص بھی الیکشن لڑ کر جیت سکتا ہے۔مفرور شخص الیکشن جیت کر پارٹی کا صوبائی صدر بن گیا،پی ٹی آئی چیئرمین کہتا تھا کہ جو 2 بار الیکشن لڑے گا اس کو تیسری بار لڑنے کی اجازت نہ ہوگی۔آج بھی ان کو چئیرمین کے لیے پیپلزپارٹی کا پرانا جیالا ملا،بیرسٹر گوہر کی صورت میں پی ٹی آئی کو پی پی کے جیالےسے ہی گزارا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ8 فروری کو شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ امید ہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ہوتے ہوئے الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے۔8 فروری الیکشن کیلئے شیڈول آئے گا تو پیپلزپارٹی اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔