اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے نئے چیئرمین گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اہم ذمہ داری سونپنے پر عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔آج بھی وہی فیصلہ آیا جو عمران خان نے کیا اور کل بھی وہی فیصلہ ہوگا جو عمران خان کی طرف سے آئے گا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف 180 سے زائد مقدمات بنائے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری آدھے سے زیادہ لیڈر شپ انڈر گراو¿نڈ ہے۔ہماری چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ براہ کرم اپنی گاڑیاں واپس نہ کریں ہمیں اپنے حقوق واپس دلا دیں۔ایسی جماعت کو مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی عوام میں کوئی اہمیت یا مقبولیت نہیں۔اب صرف عوام کی آواز کو سنا جائے گا۔عمران خان کے جانشین اور نمائندے کی حیثیت سے یہ کام نبھاتا رہوں گا۔پاکستان کی 175 سیاسی جماعتیں ہیں۔1960 کے بعد سے کسی جماعت کے الیکشن کو اس طرح سے نہیں دیکھا گیا جسے ہمارا دیکھا گیا۔فارن فنڈنگ کیس بھی صرف پی ٹی آئی کو دیکھا گیا۔اب ظلم کا راستہ عوام روکیں گے۔اللہ ہمیں اس سفر میں کامیابی عطا فرمائے گا۔ہم نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔آج صرف ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ جب تک اس عہدے پر ہوں تمام ذمہ داری عمران خان کے نمائندے کے طور پر نبھاو¿ں گا۔یہ منصب تب تک میرے پاس امانت کی طرح ہو گا جب تک عمران خان واپس نہیں آجاتے۔عمران خان چئیرمین تھے، چئیرمین ہیں اور رہیں گے۔