اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزارت قانون کی جانب سے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی سماعت آج ہفتہ تک کیلئے ملتوی کردی ہے۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں کی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے جیل ٹرائل کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی گئی اور دلائل دیئے گئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کا انتظار کریں۔ اگر نوٹیفکیشن نہ آیا تو میں ملزمان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردوں گا۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا وزارت قانون کا نوٹیفکیشن عدالت میں جمع ہو چکا ہے۔ آج ہفتہ کو سائفر کیس کی سماعت مقرر کی ہے۔ نوٹیفکیشن میں شاہ محمود قریشی کے حوالے سے بھی تحریر کیا گیا ہے۔ عدالتی عملے نے وزارت قانون کا نوٹیفکیشن وکلا کو پڑھ کر سنایا۔ وکیل علی بخاری نے موقف اپنایا ہفتے کو جیل آنا مشکل ہے کیونکہ ہمارے ٹرائل کورٹس میں مقدمات ہوتے ہیں۔ اسپیشل پروسیکیوٹر نے کہا کہ میں تو اج ہی اڈیالہ جیل میں سماعت مقرر کرنے کے حق میں ہوں۔ پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے استدا کی گئی کہ سماعت پانچ دسمبر کو رکھ لی جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پانچ دسمبر کو سماعت رکھ لیں گے لیکن حاضری کے حوالے سے تو سماعت رکھنی ہی ہے۔ عدالت نے سائفر کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی اور قرار دیا کہ ملزمان کے پروڈکشن ارڈر سے متعلق درخواست پر بھی سماعت ہفتہ تک کے لیے ملتوی کی جاتی ہے۔