کراچی( نمائندہ خصوصی) حروں کے روحانی پیشوا اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ سندھ کے مظلوم عوام کو برسہا برس کی تکالیف سے نجات دلانے کے لئے جی ڈی اے کے پلیٹ فارم کو مزید وسعت دی جائے گی اور سندھ کے عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے ایک متبادل قیادت کے منتظر ہیں – انہوں نے یہ بات جمعرات کی شام کنگری ہاوس میں سندھ کے آٹھ اضلاع سے تعلق رکھنے والے متخلف سیاسی شخصیات اور آئندہ عام انتخابات کے متوقع امیدواروں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس اجلاس میں سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے اپنے صاحبزادے اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ خصوصی طور پر شرکت کی – اجلاس میں پیر صاحب پگارا کی معاونت ان کے بھائی پیر صدرالدین شاہ راشدی اور صاحبزادے سید راشد شاہ نے کی – اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر صاحب پگارا نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سندھ میں پی پی مخالف سیاسی قوتوں میں ہم آہنگی بڑھ رہی ہے اور یہ صورتحال نہ صرف جی ڈی اے کی سیاسی طاقت میں اضافے کا باعث ہوگی بلکہ آئندہ عام انتخابات میں پی پی مخالف امیدواروں کی کامیابی کا باعث بھی ہوگی- کنگری ہاوس میں اس مشاورتی اجلاس کے باعث سندھ کی سیاست کے اس اہم مرکز کی ایک طویل عرصے بعد رونقیں بحال ہوگئیں اور آج وہاں میلے کا سماں نظر آیا –