اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقارکو ملک میں صنفی مساوات کو آگے بڑھانے پر سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن (سی اے آر ای سی )ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جمعرات کو وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت سے جاری بیان کے مطابق سی اے آر ای سی نے ان کو خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا ہے اور جن معیارات کی بنیاد پر انہیں ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ان میں انہوں نے صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کیں ، صنفی مساوات سے متعلق اقدامات اور منصوبوں کی ترغیب اور پائیداری پر کام کیا، تخلیقی صلاحیت اور صنفی مساوات کو حل کرنے کے لئے اختراعی طریقوں اور حکمت عملیوں کو اختیار کیا۔ انہوں نے صنفی مسائل کے حوالے سے وکالت کی اور آگاہی دی ، صنفی مساوات کے اہداف کی طرف پیش رفت کے لئے ٹھوس نتائج کیلئے اقدامات کئے۔