کراچی (نمائندہ خصوصی )میئر کراچی بےرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مختلف اداروں کے زیرانتظام حدود کے معاملے کا کوئی آسان حل نکالنا ہوگا، ہم ماضی میں پھنسے ہوئے ہیں، غلطیوں کو مان کر تصحیح کرنے سے ہی بہتری آئے گی، فائر سیفٹی آلات کی تنصیب کے حوالے سے قانون سازی ضروری ہے، سٹی کونسل کے آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے پالیسی بنائیں گے، کراچی میں فائربرےگےڈ کے محکمے کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہےں،یہ بات انہوں نے منگل کے روز ایکسپو سینٹر میں فائر اےنڈ سےفٹی اےشےا انٹرنےشنل ٹرےڈ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انٹرنیشنل ایگزبیشن اینڈ کانفرنس کے عمیر نظام، متعلقہ افسران اور مختلف ملکوں کے مندوبین بھی موجود تھے، میئر کراچی بےرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نمائش میں لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کیااور فائر سیفٹی کے حوالے سے رکھی گئی گاڑیوں اور آلات و مشینری کے متعلق معلومات حاصل کیں، انہوں نے کہاکہ فائر سےفٹی انتہائی اہم ہے، دنےا بھر میں فائر سےفٹی جدےد خطوط پر استوار ہوچکی ہے، کراچی میں فائر سےفٹی سے متعلق آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے، کسی بھی جگہ آگ لگنے کی صورت میں فائر برےگےڈ کو انتہائی فعال کردار ادا کرنا چاہئے، اس نمائش میں دنےا کے مختلف ممالک کے فائر سےفٹی سے متعلق ادارے شرکت کررہے ہےں، 50 سے زےادہ اسٹالز پر فائر سےفٹی سے متعلق آلات کا ہونا خوش آئند ہے، اس تین روزہ نمائش میں کراچی کے شہری زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرےںتاکہ انہیں فائر اینڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی ملے اورجدید ترین ٹیکنالوجی سے خود کو ہم آہنگ کر سکیں، انہوں نے کہاکہ کراچی میں موجود بلند و بالا عمارتوں خصوصاً کمرشل کمپلیکسز میں فائر سیفٹی کے آلات اور ہنگامی اخراج کا بندوبست ہونا ضروری ہے، سب چاہتے ہیں کہ شہر میں فائر فائٹنگ کا نظام بہتر ہو اور آ گ بجھانے والوں کو جدید ترین سہولیات میسر آئیں تاہم اس حوالے سے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو بھی محسوس کرنا چاہئے، کراچی میں 578 عمارتوں کو انتہائی خطرناک اور مخدوش قرار دیا جاچکا ہے، حادثات سے بچاﺅ کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی۔