اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت ذہنی صحت سے متعلق اجلاس ہوا ۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر صحت سمیت صوبائی محکموں اور نفسیاتی صحت پر کام کرنے والے اداروں کے نمائندوں کی شرکت کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہاکہ نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے قومی ذہنی صحت کی پالیسی ناگزیر ہے ۔ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر پالیسی کی ضرورت ہے، ملک کی 24 فیصد آبادی کو ذہنی صحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے ،ذہنی صحت کی خدمات کی فراہمی کیلئے ادارہ جاتی فریم ورک قائم کرنا ہوگا،نفسیاتی مسائل پر قابو پانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت ہے،اجلاس میں وزارت قومی صحت کی جانب سے ذہنی صحت کی ایپ "ہمراز” پر روشنی ڈالی گئی ۔بریفننگ میں بتایا گیا کہ اپریل 2023 میں قیام سے اب تک 240,000 سے زائد کالز موصول ہو چکی ہیں، صدر مملکت نے ذہنی صحت کی خدمات کی فراہمی کیلئے ہمراز ایپ کے قیام کو سراہا۔صدر مملکت ذہنی صحت پر معاونت کا نظام بہتر کرنے اور ہمراز ایپ مو¿ثر بنانے پر زور دیا۔ان کاکہنا تھا کہ ذہنی صحت پاکستان کیلئے ایک اہم مسئلہ ہے ، سرکاری اور نجی شعبوں کی مہارت بروئے کار لانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، ذہنی صحت سے متعلق تمام اقدامات پر ایک مربوط نقطہ نظر اپنانا ہوگا،اجلاس میں نفسیاتی معاونت فراہم کرنے ، مسائل سے نمٹنے میں خاندان کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔اجلاس میں متعلقہ وزارتوں، امریکہ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی نفسیاتی تنظیموں سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے مربوط نقطہ نظر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔نگران وفاقی وزیر ِصحت نے صحت کے مختلف مسائل بارے شعور اجاگر کرنے میں صدر عارف علوی اور خاتون اول کے کردار کو سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایوان ِصدر کی قائم کی گئی نظیر برقرار رہے گی ، عمل جاری رکھا جائے گا۔