اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلیں کی سماعت آج بدھ کو ہوگی ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے قواعد و ضوابط سے متعلق سرکلر جاری کردیا۔سرکلر میں کہاگیا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 29 نومبر کو اپیلوں پر سماعت کریں گے،آئی جی اسلام آباد نواز شریف کی پیشی کے موقع پر مناسب سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں،کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری سکیورٹی پاسز سے مشروط ہوگا،درخواست گزار کی قانونی ٹیم اور 25 رہنماوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی،اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے 5، 5 سرکاری وکلاءکو کمرہ عدالت میں داخلہ کی اجازت ہوگی،اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 15 صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین ان انٹری پاسز سے مستثنیٰ ہوں گے۔