اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر کہاہے کہ پاکستان منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن منانے میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ منشیات کا استعمال نہ صرف صحت عامہ اور سماجی و اقتصادی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ یہ قومی سلامتی اور خوشحالی کو بھی چیلنج کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ منشیات کی غیر قانونی پیداوار اور اس کی اسمگلنگ ہمارے پڑوس میں ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کے خلاف لڑنے کےلئے جاری عالمی اور علاقائی اقدامات کی فعال حمایت کرنے کی کوششوں میں سب سے آگے رہا ہے۔ترجمان کے مطابق اس دن کا منانا پاکستان کے منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کے پختہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بین الاقوامی اور علاقائی تعاون کے علاوہ قومی سطح پر انسداد منشیات کے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو منشیات سے بچانا ایک محفوظ اور خوشحال دنیا کے لیے ناگزیر ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دن ہم منشیات کے استعمال سے پاک دنیا کے حصول کے لیے عمل اور تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1987 میں 26 جون کو منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔