لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور تیاری کے آخری مراحل میں ہے، ہم نے صرف وعدے نہیں کرنے بلکہ اپنی روایت اور تاریخ کے مطابق وعدے، منصوبے اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا پلان دیں گے اور ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر عوام کی زندگیوں میں آسانی لائیں گے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ وعدے پورے کیے ہیں اب پھر کریں گے۔اپنے ایک بیان مین ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہمارا انتخابی منشور ہمیشہ کی طرح جامع، قابل عمل اور پاکستان کے مسائل کا حل ثابت ہوگا، منشور میں ن لیگ کی روایت کے مطابق معاشی بحالی وخود انحصاری اور مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، یہ منشور اب تیاری کے آخری مراحل میں ہے، جس میں ہم نے صرف وعدے نہیں کرنے بلکہ اپنی روایت اور تاریخ کے مطابق وعدے، منصوبے اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا پلان دیں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا منشور تمام طبقات اور ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں تیار کیا جا رہا ہے، آئینی کی بالادستی، قانون کی حکمرانی کے لئے اصلاحات، انتظامی امور میں بہتری، گڈ گورننس پر سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں، نظام عدل کی اصلاح اولین ہدف ہے تاکہ شہریوں کے حقوق، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی ہو، خارجہ تعلقات کا فروغ، امن کا قیام، قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانا منشور کے اہم نکات میں شامل ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ انتخابی منشور میں بیوروکریسی، سول سروسز اور امور سرکار کو شفاف، فعال اور آسان بنانے کی تجاویز مرتب کی جا رہی ہیں، ایندھن، ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل، وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم پر بھی منشور میں سفارشات شامل ہوں گی، میڈیا، فلم، ٹی وی، تاریخ و ادب، ثقافت، سیاحت کے فروغ کےلئے پالیسی گائیڈ لائن منشور میں شامل ہوگی۔