اسلام آباد(نیٹ نیوزنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے مشیر احد چیمہ کو آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں کلین چٹ مل گئی ہے۔احتساب عدالت میں احد چیمہ کی بریت کی درخواست پر نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس نہیں بنتا، احد چیمہ کے تمام اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں۔نیب کے مطابق ان کے مبینہ بے نامی داروں نے ذاتی انکم سے پراپرٹیز بنائیں، احد چیمہ کے مبینہ بے نامی داروں کی پراپرٹیز کو احد چیمہ سے لنک نہیں کیا جاسکتا۔رپورٹ کے مطابق رشتہ داروں کے اکاؤنٹس احد چیمہ کے بے نامی اکاؤنٹس نہیں، احد چیمہ کی کل آمدن 213 ملین اور اخراجات 131 ملین ہیں، اثاثے احد چیمہ کی آمدن کے مطابق ہی ہیں۔نیب کا کہنا ہےکہ ری انویسٹی گیشن کے دوران احد چیمہ نے اپنی انکم اور منافع سے متعلق ریکارڈ نیب کو فراہم کیا، جس کی تصدیق کی گئی اور ریکارڈ درست ثابت ہوا۔نیب نے احتساب عدالت سے احد چیمہ کی بریت کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی استدعا کی ہے