پشاور (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری اور ناانصافی ہے، اس کے خلاف نکلا ہوں۔چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، محمد بشیر کو پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، محمد بشیر سے پرانا تعلق ہے اور عرصے سے اکٹھے چل رہے ہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ اس ملک میں 75سال سے حکومتیں رہیں، ہم نے کیوں ترقی نہیں کی؟ کیوں ہمیں انصاف نہیں ملا؟ کیوں بیروزگاری ہورہی ہے؟ ان لوگوں کوہم بار بار آزما چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا آگے نکل گئی اور ہم پیچھے جارہے ہیں، دنیا میں ہماری حیثیت ختم ہوگئی ہے، ہم قرضوں سے بھر گئے ہیں، کسی کے پاس کوئی پالیسی نہیں کہ سرمایہ کاری کیسے آئے گی، اس ملک میں بڑی بیماری اور کینسر قرضہ ہے، قرضہ واپس کرنے کیلئے دوبارہ قرضہ لینا پڑرہا ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ اللہ کرے پاکستان میں ایماندار لیڈر آئے اور قرضوں سے جان چھڑائے، میں نہیں دیکھ رہا کہ کسی کے پاس ایسی پالیسی ہے کہ ملک ترقی کرے گا، میں مختلف پارٹیوں کے ساتھ مختلف ضلعوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کروں گا، دوسری پارٹیوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات چیت چل رہی ہے، جلد رزلٹ سامنے آجائے گا۔