لاہور ( نمائندہ خصوصی )
ایم ایل ون منصوبہ کے حوالے سے ایک اچھی خبر، چین کی نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے آج ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا۔21 رکنی وفد میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر پلاننگ ڈویژن وانگ چین اور ایم ایل ون منصوبہ کے ٹیم لیڈر ژو منگروئی شامل تھے۔ چینی وفد کو پاکستان ریلوے کے فریٹ اور پسنجر آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے عامر بلوچ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی بے مثال ہے اور یہ رشتہ وقت کے ساتھ مزید گہرا ہوتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انرجی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں دونوں ممالک کا بھرپور باہمی تعاون رہا ہے اور یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ عامر بلوچ نے کہا کہ ایم ایل ون گیم چینجر منصوبہ ہے جو پاکستان کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں انقلاب لائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے فریٹ سیکٹر آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔چینی وفد کے دورہ کے موقع پر پاکستان ریلوے انتظامیہ نے چینی وفد سے ایم ایل ون پر کام کے جلد آغاز کی درخواست کی۔پاکستان ریلویز کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے چین کی طرف سے ایم ایل ون منصوبہ کے ٹیم لیڈر ژو منگروئی نے کہا کہ ایم ایل ون کے جلد آغاز کی ضرورت کا ادراک اور احساس ہے، منصوبہ کیلیے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کو چینی حکومت کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔ ایم ایل ون سے اکنامک زونز بنیں گے، منصوبہ سے ٹرانسپورٹیشن کاسٹ میں بھی کمی ہو گی۔ ژو منگروئی نے کہا کہ منصوبہ کی فنانسنگ سکیم اور ڈیزائن پروپوزل سمیت تمام امور پر مل کر معاملات طے کریں گے۔بعد ازاں چینی وفد نے مغلپورہ ورکشاپ کا وزٹ بھی کیا جہاں انہیں ورکشاپ کی ورکنگ بارے بریف کیا گیا۔