سرینگر(نمائندہ خصوصی) بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں نئی دہلی کے زیرکنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند سینئر رہنما اور معروف عالم دین مولانا سرجان برکاتی کی اہلیہ کو ضلع شوپیاں میں غیرقانونی طور پر گرفتار کر لیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس آئی اے کے اہلکاروں نے مولانا سرجان برکاتی کی اہلیہ سبروزہ بانو کو ضلع شوپیاں کے علاقے ربن میں گھر پر چھاپہ مار کر ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا۔یاد رہے کہ مولانا سرجان برکاتی معروف نوجوان رہنما برہان وانی کے 2016ء میں ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہونے والے انتفادہ کے دوران اپنے مخصوص انداز کے نعروں کی وجہ سے انتہائی ہردلعزیز شخصیت بن گئے تھے۔ اپنے پرکشش نعروں کے ذریعے نوجوانوں میں تحریکِ آزادی کے حوالے سے انتہائی جوش و جذبہ پیدا کرنے کی پاداش میں انہیں اکتوبر 2016ء میں گرفتار کیا گیا تھا اور کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اُنہیں چار برس تک غیرقانونی حراست میں رکھنے کے بعد 2020ء میں رہا کیا گیا تھا۔بھارتی پولیس نے مولانا سرجان برکاتی کو رواں برس اگست میں پھر گرفتار کیا اور وہ اس وقت سینٹرل جیل سری نگر میں بند ہیں۔