کراچی( کرائم رپورٹر )کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے کمیونٹی پولیسنگ کراچی (CPK) کی جانب سے تھانہ نیپئر میں قائم 64 سی سی ٹی وی کیمروں پر مشتمل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ساتویں پروجیکٹ کا افتتاح کردیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ، ایس ایس پی سٹی ، CPK کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مراد سونی، انکی ٹیم و دیگر پولیس افسران اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں مراد سونی نے پروجیکٹ کے حوالے سےبریفنگ دی اور کمیونٹی پولیسنگ میں پولیس چیف کی کاوشوں کو سراہا۔کراچی پولیس چیف نے خطاب میں مراد سونی و دیگر کاروباری شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سی پی کے اور پولیس کے مشترکہ تعاون سے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کرائم کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوگا جسکا فائدہ عوام کو بھی حاصل ہوگا۔ کراچی میں امن و امان، اسٹریٹ کرائم اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کمیونٹی کی مدد سے ایسے پروجیکٹس کا آغاز کیا گیا ہےجن سے نمبر پلیٹ ریڈنگ اور ملزمان کی نشاندھی میں باآسانی مدد ملے گی۔پولیس چیف نے مزید کہا کہ پولیس کے نئے تربیت یافتہ 630 جوانوں کو شہر میں گشت ڈیوٹی پر مامور کیا جا رہا ہے جو کہ جرائم کے خلاف انسدادی کاروائیاں عمل میں لائیں گے تقریب کے اختتام پر پروجیکٹ کو کامیاب بنانے والی CPK کی ٹیم اور دیگر شخصیات میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ سی پی کے اور انکی ٹیم نے کراچی پولیس چیف اور دیگر پولیس افسران کو اعزازی شیلڈز اور اجرک پیش کیں۔