جدہ(نمائندہ خصوصی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین اعزاز شاہ عبد العزیز میڈل سے نوازا گیا ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع نے جدہ میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیابعد ازاں میں ملاقات انہوںنے مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور کے علاوہ دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر عسکری شعبوں میں اور انہیں فروغ دینے کے مواقع کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی قیادت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان اور سعودی عرب کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان علماءکونسل نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کےلئے سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز شاہ عبد العزیز میڈل پوری قوم اور وطن کے لیے اعزاز ہے، سپہ سالار قوم جنرل قمر جاوید باجوہ، افواج پاکستان اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔