اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت کا لاڈلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہری تصور نہیں کرسکتا کہ عمران خان کو جیل میں کتنی سہولیات حاصل ہیں۔برطانوی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جو سہولیات فراہم کی گئیں وہ ا?ج تک کسی سابق وزیراعظم کو نہیں دی گئیں اور عام شہری ان کا تصور نہیں کرسکتا۔ ۔سائفر کیس کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سائفر کیس میں 28 نومبر کو پیشی کے حوالے سے عدالت کے حکم کو من و عن تسلیم کریں گے۔نواز شریف سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے خیال میں نواز شریف پر جو کیسز بنے ہیں وہ بے بنیاد ہیں، انہیں محض بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دیا گیا جو کہ درست نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کو کوئی فیور نہیں دیا جارہا، تمام سیاسی جماعتیں اپنا کام کررہی ہیں اور یہاں سب کےلئے لیول پلینگ فیلڈ ہے، میرے لیے یہ مناسب نہیں کہ بلاول کے بیان پر تبصرہ کروں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے اور وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ تاحال تقریباً 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے ہیں، واپس لوٹنے والوں میں 99 فیصد سے زیادہ تعداد افغان تارکین وطن کی ہے، غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعات میں ’را‘ جیسی ملک دشمن ایجنسیوں کا کردار رہتا ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ دشمن ایجنسیاں پاکستان کی فالٹ لائنز میں ہمیشہ اضافہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ستمبر میں گلگت بلتستان کی بے امنی، اگست میں پیش آئے جڑانوالہ سانحہ سمیت دیگر مقامات پر رونما ہونے والے واقعات سے متعلق انہوں نے کہا کہ ان سازشوں کے تانے بانے کہیں اور جاکر ملتے ہیں، ہم بدقسمت لوگ ہیں کہ ہم دشمن کے بہکاوے میں آجاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں زیادہ تر جب چیزیں ہوتی تھیں تو کہیں نہ کہیں ’را‘ کا کردار نظر آتا رہا ہے، لاپتا افراد کے معاملے پر عدالت کا وزیر اعظم کو بلانا مناسب عمل نہیں، پاکستان میں لاپتا افراد کی تعداد خطے میں سب سے کم ہے۔نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ لاپتا افراد کا معاملہ ملک کے خلاف پروپیگنڈا کا ہتھکنڈا بن چکا ہے، جتنے افراد کی لسٹ دی جاتی رہی ہیں، ان میں سے 78 فیصد کیسز حل ہو چکے ہیں، اختر مینگل کی لاپتا افراد سے متعلق یہ لسٹ درست نہیں ہے۔