کراچی(کورٹ رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں سات نئے ججز کی تقرری کے معاملہ پر چیف جسٹس سپریم کورٹ کی جانب سے طلب کیا گیا جوڈیشل کمیشن کا اجلاس (کل)منگل کو ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس عمر عطا بندیآل کی سربراہی میں(کل) منگل کو ہو گا۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے سیشن ججز اور وکلا میں سے 7 نام جوڈیشل کمیشن کو ارسال کردیئے ہیں،سندھ ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تعیناتی کے لیے امجد علی بھوہیو،محمد سعد قریشی، محمد عبدالرحمان، راشد مصطفی سولنگی، خادم حسین سومرو، خرم راشد اور ارباب علی ہکڑو کے نام شامل ہیں۔دوسری جانب سندھ بار کونسل نے ہائیکورٹ میں ججز کی آسامیوں پر تقرری کی سفارش پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ممبر جوڈیشل کمیشن حیدر امام ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کو اس حوالے سے خط بھی لکھ دیا ہے، جس میں سندھ بار کونسل نے موقف اختیار کیا ہے کہ ججز کی تقرری کی سفارشات جوڈیشل کمیشن کا اجتماعی اختیار ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اختیار کسی ایک فرد کو نہیں دیا جاسکتا کہ وہ اپنی پسند کے مطابق سفارشات دے، لیکن چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے مشاورت سے طے 2 وکلا کو سیاسی بنیادوں پر فہرست سے نکال دیا ہے۔حیدر امام نے خط میں چیف جسٹس سے کہا کہ ججز کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کے ہر رکن کو نام تجویز کرنے کا حق دیا جائے۔