اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وفاق اور پنجاب کی سرحدیں نئی حلقہ بندیوں میں رکاوٹ، الیکشن کمیشن نے1981 سے جاری تنازعے کو حل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نقشہ جات اور تجاویز مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ڈی سیز کو طلب کر کے ریونیو کے حساب سے نقشہ جات اور تجاویز مانگی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ڈی سی اسلام آباد اور ڈی سی راولپنڈی نے نقشہ جات اور رپورٹ جمع کروا دی، اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کے درمیان نوتھیال، بوکھڑا، سہام اور چوہڑ ہڑپال کے بعض موضع جات پر تنازعہ ہے، سہام اور چوہڑ ہڑپال کے بعض موضع اسلام آباد، دیگر سارا علاقہ راولپنڈی کینٹ میں اتا ہے، الیکشن کمیشن نے سہام اور چوہڑ ہڑپال کے علاقے ایک ہی انتظامیہ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔سرحدوں پر حلقہ بندیوں میں تبدیلی سے راولپنڈی اور اسلام آباد کی حلقہ بندیوں مکمل تبدیل کرنا پڑیں گی، سرحدی نئی حلقہ بندی میں تبدیلی سے راولپنڈی کی قومی اور صوبائی سیٹیں متاثر ہوں گی ،الیکشن کمیشن کی جانب سے آبادی کے تناسب سے حلقہ بندیاں کی گئی ہیں۔