اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمیدکا کہنا ہے کہ ،معمولی اختلافات کو نفاق کا باعث نہیں بننے دینا چاہیئے، امت کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کے رہائش گاپہنچے جہاںوزیر داخلہ نے امام کعبہ کا پر تپاک خیر مقدم کیا۔امام کعبہ کی آمد پر نگران وزیر داخلہ نے نہایت ہی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی میرے گھر آمد میری خوش قسمتی اور میرے پورے خاندان کیلئے باعث سعادت ہے، پاکستانی عوام سرزمین حجاز سے بے حد پیار کرتے ہیں اور خادمین حرمین شریفین سے بے پناہ عقیدت رکھتے ہیں، پاک سعودی تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی روابط پر محیط ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امام کعبہ نے کہا کہ مسلمان عقیدہ توحید پر کامل یقین رکھتے ہیں،معمولی اختلافات کو نفاق کا باعث نہیں بننے دینا چاہیئے، امت کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ فرقہ واریت اور غیر ضروری اختلاف ہیں، ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا ہو گا اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا، ایک دوسرے کے دل جیتیں نا کہ اپنی رائے مسلط کریں، وزیر داخلہ نے امام کعبہ کے اعزاز میں ناشتہ کا اہتمام بھی کیا۔