کراچی( نمائندہ خصوصی)الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہاہے کہ اتوارکو جہاں الیکشن متاثر ہوا وہاں دوبارہ انتخابات کی نئی تاریخ کااعلان کیا جائے گا۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ سندھ میں 14 اضلاع کے 9 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ نواب شاہ اور میر پور خاص سے شکایات موصول ہوئی ہیں، واقعات میں ملوث کرداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اعجاز انور چوہان نے کہاکہ جہاں الیکشن تاخیر سے شروع ہوا وہاں وقت بڑھایا جائے گا، انتخابات کے دوران پیش آنے والے پر تشدد واقعات کی انکوائری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی کی ہدایات پر نہیں چلتا، نہ ہی کسی جماعت یا پارٹی کا آلہ کار ہے۔الیکشن کمشنر سندھ نے بتایا کہ صوبے میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں 1 لاکھ کے قریب پولنگ کا عملہ کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی اور اسلام آباد میں اس حوالے سے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔الیکشن کے لیے سندھ میں سخت مانیٹرنگ جاری ہے، تمام سیاسی جماعتیں الیکشن پرامن رکھنے میں ہماری مدد کریں۔