کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ لائنز ایریا ری سٹلمینٹ پروجیکٹ (لاریپ) بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں بلایا جائے گا اور اس اجلاس میں متاثرین کی آبادکاری کے حوالے سے لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز لاریپ بورڈ کے نامزد پبلک ممبر ٹھاکر ذوالفقار قائمخانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں لاریپ بورڈ کے عوامی نمائندے ٹھاکر ذوالفقار قائمخانی نے کہا کہ لاریپ بورڈ کی تشکیل کا اصل مقصد لائنز ایریا کے متاثرین کی فوری بحالی تھا اور اس سلسلے میں سابقہ ادوار میں بھی کام اس رفتار سے نہیں ہوا جس رفتار سے ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ متاثرین کی بحالی کے کام کو تیز سے تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں خود نگران وزیر وہاں کا دورہ کریں تاکہ حقائق سے آگاہی ہوسکے۔ نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے کہا کہ ہماری موجودہ نگران سندھ حکومت کا اصل مقصد صرف اور صرف عوام کو زیادہ سے زیادہ اور جلد سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی لائنز ایریا کا خود دورہ بھی کروں گا اور بورڈ کا اجلاس بھی دسمبر کے دوسرے ہفتہ میں طلب کیا جائے گا۔ محمد مبین جمانی نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو سمیت تمام متعلقہ اداروں سے بھی آبادکاری کے لئے رابطے تیز کئے جائیں گے اور تمام شکایات کا نہ صرف ازالہ کیا جائے گا بلکہ تمام کام کو قانون کے دائرے میں لاکر کیا جائے گا۔ محمد مبین جمانی نے کہا کہ ماضی میں جو ہوا اس کا ذمہ دار نہیں بلکہ جب تک نگران حکومت ہے کسی کو کوئی غیر قانونی کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔