اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) الیکشن کمیشن نے اگلے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کےلئے اقدامات تیز کر دئیے ،انتخابی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کردی جائے گی ،انتخابات کےلئے بیلیٹ پیپرز اور انتخابی فہرستوں کی چھپائی سمیت دیگر امور پر بھی کام تیز ی سے جاری ہے۔ جمعرات کے روز عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن الیکشن کمشنر پنجاب ودیگر افسران نے شرکت کی جبک صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخو ا ، سندھ و بلوچستان بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل کر لی ہے اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کی روشنی میںحلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کر دی جائے گی کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا میں جاری ہے اور انکی ترسیل انتخابات تک یقینی بنائی جائے گی اجلاس کو بتایا گیا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد ضابطہ اخلاق کی الیکشن کمیشن نے منظوری دے دی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا کمیشن کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں ، ریٹرننگ آفیسروں و پولنگ سٹاف کی ٹریننگ کا پلان تیار ہے اور مذکورہ بالا انتخابی آفیشلز کی بروقت ٹریننگ کو یقینی بنایا جائے گا اسی طرح بیلٹ پیپروں کی طباعت کے لئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور الیکشن میٹریل کی خریداری بھی مکمل کر لی گئی ہے الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات سے متعلق اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ انتخابی فہرستوں کی ریٹرننگ افسروں تک ترسیل کامکمل میکنزم بنایا جائے تاکہ ریٹرننگ افسروں کو بروقت انتخابی فہرستوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے مزید الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن وعامہ کو یقینی بنانے اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی سے متعلق ایک ہفتہ کے اندر مکمل تفصیلات لی جائیں اور پولیس فورس کی کمی کی صورت میں بروقت متبادل انتظام کو یقینی بنایا جائے اور عام انتخابات کے دوران پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں تاکہ عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے۔