اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )میاں نواز شریف کے خلاف کیسز یا پارٹی کے اندرونی اختلافات ،مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم تاخیر کا شکار ہوگئی ہے ،العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز کے حوالے سے دائر اپیلوں پر سماعت تاخیر کا شکار ہے جبکہ پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق پارٹی کی انتخابی مہم شروع کرنے میں کئی وجوہات کی وجہ سے تاخیر ہے اور نواز شریف کی اپیلوں پر زیر سماعت کیسز میں تاخیر بڑی وجہ ہے ذرائع کے مطابق پارٹی کے سربراہ میاں نواز شریف سمیت قانونی ٹیم کا فوکس اس وقت کیسز پر مرکوز ہے اور ان کیسز کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے آنے کے بعد ہی مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ ن گزشتہ چار روز سے مری اور گلیات میں موجود ہیں اور اپیلوں پر سماعت کا انتظار کر رہے ہیں ذرائع کے مطابق پارٹی کی منشور کمیٹی نے بھی تاحال کام مکمل نہیں کیا ہے اس کمیٹی کی سربراہی سینیٹر عرفان الحق صدیقی کو سونپی گئی ہے ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی درخواستوں پر فیصلے کے لیے نواز شریف کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈز کی تشکیل جلد مکمل کی جائے گی جبکہ پا رٹی ٹکٹ کے لیے 4 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں اورلیگی قیادت کو ٹکٹوں کے معاملے پر اندرونی اختلافات کا بھی خدشہ ہے تاہم پارٹی ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ میاں نواز شریف خود کریں گے۔