لاہور (نمائندہ خصوصی ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پارٹی میاں نواز شریف کی تمام قانونی رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کی تاحیات نااہلی کی سزا کو قانون سازی کے ذریعے 5 سال کی نااہلی میں تبدیل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب کوئی سیاستدان 5 سال سے زائد نااہل نہیں رہ سکے گا۔ پروگرام میں شریک ترجمان تحریک انصاف نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا کہ میاں نواز شریف کی نااہلی کی سزا برقرار ہے کیونکہ آرٹیکل 12 کے مطابق جس وقت جرم ہوا ہے اس وقت کا قانون لاگو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو محض الیکشن ایکٹ کے اندر ترامیم کرکے رد نہیں کیا جاسکتا اس لیے نواز شریف کی تاحیات نااہلی کی سزا برقرار ہے۔