اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے بی آئی ایس پی کے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ ضرورت مند خواتین کیساتھ ہمدردی سے پیش آئیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں ایک باوقار طریقے سے مالی امداد فراہم کی جائے۔ایبٹ آباد میں بی آئی ایس پی آفس کے دورے کے دوران، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ضرورت مند خواتین سے بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور عملے کو انہیں جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ ہر اچھا عمل ایک صدقہ ہے اور غریبوں کی خدمت کرنا محض کام نہیں بلکہ ایک نیک مقصد ہے۔ انہوں نے اپنے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے بزرگوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کی پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ غریبوں کو بااختیار بنانا ان کا بنیادی حق ہے اور بی آئی ایس پی کا مقصد ان کے اس حق کو برقرار رکھنا ہے۔ مزید برآں، ڈاکٹر امجد ثاقب نے بی آئی ایس پی کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ وظائف کی بروقت اور مکمل ادائیگی کو شفاف طریقے سے اور بغیر کسی کٹوتی کے یقینی بنائیں۔قبل ازیں ڈاکٹر امجد ثاقب نے جامع مسجد تقویٰ ایبٹ آباد کا بھی دورہ کیا اور بی آئی ایس پی عملے کے اجتماع سے خطاب کیا۔ بی آئی ایس پی کے لیے وسیع تر وژن کا اظہار کرتے ہوئے، ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس بات پر زور دیا کہ بی آئی ایس پی کو ملک کا سب سے بہترین ادارہ بنانا، ملک بھر میں فلاحی اور معاون پروگراموں کے لیے ایک مثال قائم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر میں صفائی اور کارکردگی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھیں۔