اسلام آباد( نیٹ نیوز )سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو دوبارہ اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے خلاف شکایات پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہوا۔جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز چار ایک کے تناسب سے جاری کیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی، جسٹس سردار طارق نے شوکاز جاری کرنے کی حمایت کی، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس نعیم افغان نے بھی شوکاز جاری کرنے کی حمایت کی، جبکہ جسٹس اعجازالاحسن نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکازجاری کرنے کی مخالفت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سامنے آئے شواہد کی روشنی میں جسٹس مظاہر نقوی کو نوٹس جاری کیا گیا، سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا کہ جسٹس مظاہر 14 روز میں اظہار وجوہ نوٹس کا جواب دیں ۔جسٹس مظاہر نقوی کو 27 اکتوبر کے کونسل اجلاس میں بھی شوکاز جاری کیا گیا تھا، جسٹس مظاہر نقوی نے شوکاز میں اپنےخلاف شکایات کی تفصیل درج نہ ہونے پر اعتراض کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کونسل نے مسلسل 3 دن جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف شکایات اور ان کے اعتراضات کا جائزہ لیا، سپریم جوڈیشل کونسل نے تفصیلی شوکاز جاری کیا، شوکاز میں 10معاملات پر جسٹس مظاہر نقوی سے وضاحت مانگی گئی ہے۔