گھوٹکی/کراچی:( نمائندہ خصوصی ) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے آج سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شاندار کامیابی پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع گھوٹکی کے عوام اور کارکنان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخی کامیابی پر ہم تمام پیپلز پارٹی کے کارکنان اور ضلع گھوٹکی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ ضلع گھوٹکی پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا اور ہمیشہ رہے گا اور یہاں کی عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں۔ واضح رہے کہ آج صوبہ سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ کا عمل ختم ہوگیا۔ اس ضمن میں بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر مصدقہ نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے ضلع گھوٹکی میں اکثریت نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔