لاہور(نمائندہ خصوصی ) آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عرفان میمن نے کہا ہے کہ پاکستان زندہ باد سے پاکستان سے زندہ بھاگ کے نعرے لگانے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے ایسے عناصر کو عوام جان چکے ہیں اور بہت جلد ان کا قلع قمعہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ لیگی رہنما خرم دستگیر کو شرم آنی چاہیے کہ وہ کس منہ سے پرویز مشرف کا ووٹ اپنی سیاسی ساکھ کے لئے مانگ رہے ہیں حالانکہ ملک کو آج جن حالات میں پہنچایا گیا ہے اس میں ن لیگ ہر اول دستہ رہا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے ملک کو لوٹنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی ہے۔پی ڈی ایم کی سولہ ماہ کی حکومت نے ظاہر کر دیا ہے کہ وہ نااہل ہیں اور انہوں نے اپنے کیسز ختم کرانے کے لیے یہ سب کیا ہے اور ملک کو کس جگہ لاکھڑا کیا ہے۔عرفان میمن نے کہا کہ ملک کو پرویز مشرف کے ویژن کے مطابق چلانے کی ضرورت ہے جس سے ملک ترقی کرے گا۔پاکستان کی ترقی کے ضامن سی پیک کی بنیاد بھی پرویز مشرف کاعوام کے لیے تحفہ ہے جس سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہو گا۔انہوں نے کہاسی پیک پر سیاست کرنے والی ن لیگ اور پیپلز پارٹی عوام کو بتائے کہ یہ کس کا منصوبہ تھا۔سی پیک پر سیاسی جماعتوں کا کہنا کہ یہ ان کا منصوبہ ہے بالکل احمقانہ اور بیوقوفانہ باتیں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عرفان میمن نے کہا کہ آرمی چیف سے گزارش ہے کہ ملک کو الیکشن کی نہیں بلکہ بہترین فیصلوں کی ضرورت ہے جس سے ملک ترقی کرے۔موجودہ مشکل حالات میں نااہلوں کی سلیکشن سے بنائی گئی حکومت مزید مسائل پیدا کرے گی۔آئی ایم ایف کے پریشر اور معاشی حالات کے ٹھیک ہونے تک الیکشن ملتوی ہونے چاہیے کیونکہ ایسے حالات میں الیکشن منعقد نہیں کرائے جا سکتے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہو رہا ہے عوام اسے قبول نہیں کریں گے اوراگر ایساہی چلتا رہاتو حالات ماضی جیسے ہو جائیں گے۔سابق حکومتوں کے نمائندگان خود کو چیمپئن سمجھنے والے کل بھی نااہل تھے اور آج بھی نہیں بدلے وہ اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں ملک کے لئے کچھ نہیں کر رہے۔موجودہ صورتحال میں کسی سیاسی پارٹی کے پاس پاکستان کا روڈ میپ نہیں ہے،سب اپنے مفاد کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ایسے میں ہمیں پرویز مشرف کے ویژن کی سخت ضرورت ہے۔پاکستان سے بزنس کمیونٹی اپنا سرمایہ بیرون ممالک منتقل کر رہی ہے جس کی وجہ سابق حکومتیں ہیں جنہوں نے سرمایہ کاروں کے لئے ملک میں صنعتکاروں کو بہتریں مواقع فراہم نہیں کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سپریم کورٹ آرٹیکل 249/245 کا نفاز کرے جس سے حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔