لاہور(کامرس رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان صارفین کے لئے اب الیکٹرک بائیکس آسان اقساط میں بھی دستیاب ہوں گے۔ اس حوالے سے پاک زون الیکٹرک موٹرز اور بینک الفلاح کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔تفصیلات کے مطابق ملک کی پہلی الیکٹرک بائیک کمپنی پاک زون الیکٹرک موٹرز (پرائیویٹ)لیمٹڈ اور بینک الفلاح کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے۔ معاہدے کے تحت ملک میں پہلی بار ڈاؤن پے منٹ ادا کئے بغیر صارفین اپنے نام پر بغیر کسی مارک اپ کے تین ماہ کی اقساط پر بائیک حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ایک، دو اور تین سالہ پلانز کے تحت آسان اقساط پربھی الیکٹرک بائیک حاصل کئے جاسکیں گے۔معاہدے پر پاک زون الیکٹرک موٹرزکے منیجنگ ڈائریکٹر شاہزیب امجد اور بینک الفلاح کے اَن سیکیورڈ لینڈنگ سیگمنٹ کے بزنس ہیڈ قاسم رشید جنجوعہ نے دستخط کئے۔ اس موقع پر پاک زون الیکٹرک موٹرز کے نیشنل کارپوریٹ ہیڈ ارشد سندھو، نیشنل سیلز منیجر میاں نعیم اور آفٹر سیلز ہیڈ ذیشان منصور جبکہ بینک الفلاح کے لون یونٹ کے ہیڈ میاں ساجد رفیق اور ریجنل سیلز منیجر راشد سرفراز بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔