کراچی(نمائندہ خصوصی) گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ آئیے متحد ہو کر دنیا کو بچوں کے لیے محفوظ بنائیں۔سرمایہ کاری اسلحہ، جنگوں اور موت پر نہیں بلکہ زندگی بچانے پر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے اس موقع پر غزہ کے بچوں کو یاد رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ماﺅں اور بچوں کا قتل عام جاری ہے جسے دنیا بھر کی حکومتیں رکوانے میں ناکام رہی ہے۔ بچوں کے عالمی دن (World Children’s Day) کے موقع پر عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بچے سچے، معصوم اور دین فطرت پر ہوتے ہیں، صحت، تعلیم، خوراک اور زندگی پر بلاامتیاز ہر بچے کا حق ہے۔غزہ پر اندھادھند اور وحشیانہ اسرائیلی بمباری سے سب سے زیادہ بچوں کی اموات ہوئی ہیں جس نے انسانیت کا سر شرمندگی سے جھکا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر کسی معاشرے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ جرم بے گناہی کے باوجود ڈاکٹر عافیہ قید میں ہے اوراس کے دو بچے 20 سالوں سے ماں کی ممتا اور محبت سے محروم ہیںجبکہ تیسرا بچہ سلیمان لاپتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم اور بچوں کے قتل عام پر جس طرح امریکہ اور مغرب کے عوام نے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اس نے انسانیت کے زندہ ہونے کا احساس دلایا ہے۔