کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم سے فنکشنل لیگ علماء مشائخ ونگ سندھ کے کنوینئر مولانامحمد امین انصاری،شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد، مولانا منظرالحق تھانوی پر مشتمل وفد نے ملاقات کی جس میں غزہ،فلسطین پر40دنوں سے جاری اسرائیلی خونی جارحیت کے خلاف عالمی برادر ی و مسلم حکمرانوں پر زور دیاگیا کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور غذائی و طبی و دیگر ضروریات پہنچانے کیلئے مصری بارڈر کو کھلوانے کیلئے مؤثر کرداراداکریں۔ ملت اسلامیہ تمام تر اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرکے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔سردار عبدالرحیم نے علماء مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو قیامت کی اس مشکل گھڑی میں کسی طور بھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم بیت المقدس فلسطین کی آزادی کیلئے سورھیہ بادشاہ کے فکر و فلسفہ ظلم کے خلاف جہاد پر یقین رکھتے ہیں۔علماء مشائخ محراب و منبر سے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور ملک میں عدل و انصاف اور شریعت کی حکمرانی کیلئے شعور و بیداری پیدا کریں۔اس موقع پر علماء کے وفد نے سردار عبدالرحیم کو اعتراف خدمات شیلڈ پیش کی۔