لاہور( بیورو رپورٹ ) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی تعاون اور دوطرفہ امور پر بھی بات چیت ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستانی کی سیاسی، معاشی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، نواز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوام آئندہ انتخابات میں پھر سے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے۔ن لیگ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں تجارت ، معیشت ، موسمیاتی تبدیلیوں اور علاقائی سلامتی و استحکام پر بھی بات ہوئی ، نواز شریف نے ملاقات میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بیگناہ فلسطینیوں کے قتل عام کا معاملہ بھی اٹھایا، نواز شریف نے فوری جنگ بندی اور انسانی و طبی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔یاد رہے کہ دو روز قبل نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی ملاقات کی تھی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی تعلقات کی بہتری کے معاملات زیر غور آئے تھے۔اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا برطانیہ یورپ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، برطانیہ کی پاکستان کیلئے اوورسیز ڈویلپمنٹ تعاون میں کمی باعث تشویش ہے، برطانوی حکومت پاکستان کے لیے ترقیاتی اعانت بڑھائے۔اس ملاقات میں نواز شریف نے برطانوی حکومت غزہ میں فوری جنگ بندی یقینی بنانے کیلئے مثبت کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا۔