کراچی (نمائندہ خصوصی) سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کل کا پاکستان قائداعظم، آج کا بھٹو کا ہے،عوام بتائیں کون سا بہتر ہے؟،پیپلز پارٹی کی 50 سالہ تاریخ میں دھوکے،کرپشن کے سوا کچھ نہیں،تاریخ کی آخری اننگ کھیلنے جا رہی ہے،اب حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لیاقت آباد چھاپے گا اور اورنگی ٹاون بانٹے گا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون میں مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پاکستان کو برباد و تقسیم کردیا ہے، بہتر، مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے عوام ایم کیو ایم کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کل کا پاکستان قائداعظم کا تھا اور آج کا پاکستان بھٹو کا ہے، عوام بتائیں کل کا پاکستان بہتر تھا یا آج کا بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی تاریخ کی آخری اننگ کھیلنے جا رہی ہے، 50سال کی تاریخ میں دھوکے اور کرپشن کے علاوہ اس کے پاس کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایم کیو ایم کی پالیسیوں کے سبب پیپلزپارٹی سیاسی طور پر تنہاءہوگئی ہے، ان سے کوئی بھی سیاسی جماعت بات کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ہم سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ مانگنے کی ضرورت نہیں، اب حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لیاقت آباد چھاپے گا اور اورنگی ٹاون بانٹے گا۔