اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے جمعرات کو وزیر اعظم ہاوس میں نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم ہاوس ذرائع کے مطابق ملاقات میں قومی و داخلی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔نگران وزیر اعظم نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں جاری ا ینٹلیجنس بیسڈ آپریشن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاک فوج کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز اور پاک فوج وطن کے دفاع اور دہشگردی کے خاتمے کے لئے جو قربانیاں دے رہی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آرمی چیف نے غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاءکے حوالے سے جاری آپریشنز پر بھی وزیرا عظم کو اعتماد میں لیا جس پر وزیرا عظم نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے گا ۔ ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورت حال اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔