۔ ملتان ( نمائندہ خصوصی ) معروف دانش ور، نقاد، مصنف، محقق ڈاکٹر اسداریب نے کہا ہے کہ سجاد جہانیہ کی تحریریں حسیاتی ادب کا نمونہ ہیں، وہ انسانی احساسات کو قرطاس پر ایسے منتقل کرتے ہیں کہ پڑھنے والے کو بین السطور اپنا آپ نظر آتا ہے. وہ بزم احباب کے زیر اہتمام ملتان ٹی ہاؤس میں نام ور لکھاری سجاد جہانیہ کی کتاب "ٹاہلی والا لیٹر بکس” کی تقریب پذیرائی سے صدارتی خطاب کر رہے تھے. انہوں نے مزید کہا کہ ٹاہلی والا لیٹر بکس ہم سب کو اپنی اقدار کی یاد دلاتی ہے. وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ سجاد جہانیہ کی تحریریں جذبات سے ہوتی ہیں جن میں زندگی سانس لیتی محسوس ہوتی ہے. اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں انکے ادبی شہہ پاروں پر تحقیقی مقالہ جات لکھوائے جائیں گے. وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ سجاد جہانیہ نے رشتوں کی جڑت کو خوب اجاگر کیا ہے. افراط و تفریط کے شکار معاشرہ میں ایسی تحریریں وقت کی ضرورت ہیں. مصنف سجاد جہانیہ کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ایمانداری کے ساتھ حالات احساسات کیفیات کو قرطاس کے سپرد کیا. قلم وقرطاس ہی میرا تعارف ہیں. ٹاہلی والا لیٹر بکس کو دل کی دھڑکن کی تال پر لکھا.
گیت و کالم نگار افضل عاجز کا کہنا تھا کہ سجاد جہانیہ بااخلاق اور معصوم انسان ہیں سچائی انکے کالموں میں ہی نہیں بلکہ انکے کردار اور انکے کام میں بھی جھلکتی ہے. شاکر حسین شاکر نے کہا کہ سجاد جہانیہ درد دل رکھنے والے انسان ہیں. معاشرتی پہلوؤں پر لکھنے کا اعزاز سجاد جہانیہ کو ہی حاصل ہے. محترمہ صائمہ نورین بخاری نے کہا کہ سجاد جہانیہ نے جہاں عام موضوعات کو تحریروں کی شکل دی وہیں مشکل عنوانات کو عام فہم لفظوں میں بیان کیا ہمیں سجاد جہانیہ کا شکرگزار ہونا چاہیے جن کی وجہ سے اچھی اردو پڑھنے کو ملی. سینئر ادیب کالم نگار سلیم ناز اور نثرنگار ندیم رحمان ملک کا کہنا تھا کہ زندگی کی تحریک سجاد جہانیہ کی تحریروں کا خاصہ ہے. عامر شہزاد صدیقی، مرزا محمد یسین بیگ نے کہا کہ سجاد جہانیہ کے قارئین کو انکی تحریروں کا انتظار رہتا ہے ہر کتاب کی ہر تقریب میں قارئین کی محبت قابل دید ہوتی ہے. سرپرست اعلیٰ بزم احباب رانا تصویر احمد، سینئر صحافی رفیق احمد قریشی اور موٹیویشنل سپیکر خواجہ مظہر صدیقی نے کہا کہ سجاد جہانیہ، ادبی حوالے سے ملتان کی شناخت بن چکے ہیں. سینئر صحافی جمشید رضوانی اور نوجوان لکھاری قاری محمد عبداللہ کا کہنا تھا کہ سجاد جہانیہ نے ٹاہلی والا لیٹربکس کتاب میں ہم سب کے دلوں کی ترجمانی کی ہے. میزبان تقریب جنرل سیکرٹری بزم احباب فیاض احمد اعوان اور سپرنٹینڈنٹ تعلقات عامہ ملتان اللہ وسایا زاہد نے سجاد جہانیہ کے ادبی سفر کتابوں کی اشاعت اور ٹاہلی والا لیٹر بکس کے حوالے سے جھلکیاں پیش کیں اور شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا. تقریب میں نظامت کے فرائض جمشید رضوانی اور قاری محمد عبداللہ نے ادا کئے۔