اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عدالت کے حکم اور رولز کے باوجود بغیر گاون پہنے وکیل کی پیشی پر چیف جسٹس نے وکیل کی سرزنش کردی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے وکیل پر عدالت میں بغیر گاون پہنے پیش ہونے پربرہمی کا اظہار کیا اور پوچھا کہ آپ یونیفارم میں کیوں نہیں آئے؟ کیا آپ ہائیکورٹ کے وکیل ہیں؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کا گاون کہاں ہے؟ کیا آپ نے ہائیکورٹ کا نوٹیفکیشن نہیں پڑھا؟ اس پر وکیل نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی ہوگئی تھی،گاون نہیں پہن سکا۔ وکیل کا جواب سن کر عدالت نے کہا کہ ایمرجنسی ہوگئی ہے؟ کیا ایمبولینس منگوائیں، یہ کیا طریقہ ہے، کل کو میں اگر ٹی شرٹ اور جینز پہن کر یہاں بیٹھ جاوں کیسا لگے گا، کل بھی بتایا تھا گاون لازمی پہننے کا ایک نوٹیفکیشن ہو چکا ہے۔ بعدازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام وکلا کو گاون پہن کر ہائیکورٹ پیش ہونے کی ہدایت کی۔